ملک بھر میں بارشوں کا طوفانی اسپیل، الرٹ جاری
Pakistan monsoon rains 2025
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں مون سون کے نئے اور طاقتور اسپیل کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے مطابق آج سے 10 جولائی تک وقفے وقفے سے شدید بارشوں کی پیشگوئی جاری کردی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ مون سون سسٹم ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، اور 10 جولائی تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

جاری کردہ رپورٹس کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، گوجرانوالہ اور دیگر بالائی علاقوں میں شدید بارش کی توقع ہے۔ کراچی میں آئندہ دو دنوں تک ہلکی بارش متوقع ہے، تاہم 8 جولائی سے نیا سلسلہ شہر کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے، جبکہ تربیلا ڈیم میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

ادارے نے مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سوات سانحہ کی ابتدائی رپورٹ  سنو نیوز  کو موصول

دوسری جانب بالائی و وسطی سندھ کے نشیبی علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے، جس سے مقامی آبادی متاثر ہو سکتی ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

مزید بارشوں کی اپ ڈیٹس کیلئے محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ اور مقامی میڈیا پر نظر رکھیں۔