سوات سانحہ کی ابتدائی رپورٹ 'سنو نیوز' کو موصول
 سانحہ سوات سے متعلق ابتدائی رپورٹ سنو نیوز سامنے لے آیا۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) سانحہ سوات سے متعلق ابتدائی رپورٹ سنو نیوز سامنے لے آیا۔

کمشنرملاکنڈ کی رپورٹ میں متعلقہ افسران کو مکمل طور پر بچانے کی کوشش کی گئی ہے جبکہ حادثہ کی تمام تر ذمہ داری سیاحوں پرڈال دی گئی ۔

رپورٹ کے مطابق سوات میں 27 جون کو اچانک سیلاب کا المناک واقعہ پیش آیا جس میں 16 افراد جاں بحق ہوئے،جاں بحق افراد میں 10 کا تعلق سیالکوٹ جبکہ 6 مقامی شہری شامل تھے،سیاح دریا کے خشک حصے میں داخل ہوئے، اچانک ریلے کی زد میں آ گئے۔

کمشنر مالاکنڈ کی رپورٹ کے مطابق دریائے سوات میں پانی کا بہاؤ 77ہزار 782 کیوسک تک پہنچ گیا،دریا سوات میں تعمیرات کی وجہ سے دریا کا رخ دوسری جانب کیاگیاہے، متاثرہ سیاح 8 بج کر 31 منٹ پر ہوٹل پہنچے اور 9 بج کر 31 منٹ پر دریا کے احاطے پرگئے۔

یہ بھی پڑھیں: سوات سانحہ، محکمہ آبپاشی نے بیان انکوائری کمیٹی کو ریکارڈ کرا دیا

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سکیورٹی وارننگزکے باوجود سیاح دریا کے حصے میں داخل ہوئے، سیاحوں کے داخل ہونے کے 14 منٹ بعدریسکیو کو کال کی گئی، متعلقہ حکام 20 منٹ بعد 10 بج کر 5 منٹ پر واقعے کی جگہ پر پہنچے،ضلعی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر فوری رسپانس کے تحت موقع پرپہنچے۔

ضلعی انتظامیہ کی رپورت میں بتایا گیا کہ 2 جون کو دفعہ 144 کے تحت دریا میں نہانے اور کشتی رانی پر پابندی عائدکی گئی، 24 جون کو پابندی کا دائرہ کار بڑھا کر نہروں، نالوں، جھیلوں تک پھیلایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے جائے حادثہ کا دورہ کیا،چیف سیکرٹری کی ہدایت پر دریائے سوات میں تمام قسم کی سرگرمیوں پر پابندی لگادی گئی،واقعے کی مکمل تحقیقات کے لئے تحقیقاتی کمیٹی سوات پہنچ گئی ہے جو متعلقہ محکموں کے افسران کو شامل کر کے چھان بین کررہی ہے۔