
رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اسیر رہنماؤں میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، اعجاز چودھری اور عمر سرفراز چیمہ نے پارٹی قیادت کے نام کھلا خط لکھا ہے جس میں انہوں نے حکومت سے مذاکرات کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر مشروط کر دیا۔
خط میں کہا گیا کہ ملکی تاریخ کے بد ترین بحران سے نکلنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں، مذاکرات ہر سطح پر ہونا ضروری ہیں، سیاسی سطح پر بھی مذاکرات ضروری ہیں اور مقدرہ کی سطح پر بھی مزاکرات ضروری ہیں۔
اسیر رہنماؤں کی جانب سے پارٹی قیادت کے نام خط میں کہا گیا کہ مذاکرات کا آغاز سیاسی سطح پر کیا جائے، تحریک انصاف کے لاہور کے اسیر رہنماؤں کو اس کا حصہ بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے 21 کارکنوں کی ضمانتیں منظور
خط میں مزید کہا گیا کہ مذاکراتی کمیٹی کی تقرری کے لئے عمران خان تک رسائی ممکن بنائی جائے تاکہ لیڈرشپ وسیع مشاورت کر سکے اور ملاقات کے اس عمل کو جاری رکھنا ہو گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرت کا آغاز گزشتہ برس دسمبر میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے مذاکرات میں تعاون کی پیش کش کے بعد ہوا تھا۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان دسمبر اور جنوری میں مذاکرات کے تین ادوار ہوئے تاہم بعدازاں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر تحریک انصاف نے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔