احتجاج کیس: پی ٹی آئی کے 21 کارکنوں کی ضمانتیں منظور
24 اور 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیسز میں ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے 21 پی ٹی آئی کارکن ملزموں کی ضمانتیں منظور کر لیں
ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے 21 پی ٹی آئی کارکن ملزموں کی ضمانتیں منظور کیں/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) 24 اور 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیسز میں ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے 21 پی ٹی آئی کارکن ملزموں کی ضمانتیں منظور کر لیں۔

عدالت نے نو مئی، 4 اکتوبر ،24 اور 26 نومبر احتجاج کیسوں کے تمام ملزموں کی ضمانتیں منظور کرلیں۔ راولپنڈی اور اٹک جیل میں ان کیسز کا اب کوئی ملزم قیدی نہیں رہا، ہائی کورٹ نے ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ ہائی کورٹ جج جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس امجد رفیق نے ضمانتیں منظور کیں۔

یہ بھی پڑھیں: سالگرہ کا گھر ماتم میں تبدیل، فاسٹ فوڈ کھانے سے 2 بچیاں جاں بحق

انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے 26 نومبراحتجاج پر درج مقدمات میں پی ٹی آئی کارکن ہارون الرشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا اور سماعت 17 جولائی تک کیلئے ملتوی کر دی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے سنگجانی جلسہ پر درج مقدمہ میں فردجرم عائد کرنے کیلئے ملزموں میں چالان کی نقول تقسیم کر دیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 12 اگست تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ کی کازلسٹ منسوخ ہونے کے باعث 9 مئی تھانہ پر حملہ کیس میں سزا یافتہ مجرموں کی اپیلوں اور سزا معطلی پر سماعت نہ ہوسکی۔انسداددہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے تھانہ سنگجانی کے مقدمہ میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔اسد قیصر نے استدعا کی کہ بیرون ملک جانا ہے ، لمبی تاریخ دے دیں،عدالت نے کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتوی کردی۔