
ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئرلائن کے بعد از حج آپریشن کا آغاز آج 11 جون سے ہوگیا، حجاج کرام کو وطن واپس پہنچانے کے لئے جدہ سے بعد از حج پروازیں آج 11 جون سے شروع ہو گئیں۔
پی آئی اے ترجمان نے بتایا کہ لاہور کے لئے پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے 936 آج سہ پہر2 بج کر 45 منٹ پر لاہور ایئر پورٹ پہنچ گئی، پرواز سے 328 حجاج کرام کو لاہور لایا گیا ۔
ترجمان کے مطابق لاہور ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ منیجر آغا ظہیر الدین، سٹیشن منیجر اشفاق اعوان، ایئر پورٹ منیجر، چیف سکیورٹی آفیسر اور پی آئی اے حکام نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمرہ کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری
انہوں نے بتایا کہ بعد از حج آپریشن کے پہلے روز جدہ سے پی آئی اے کی چار پروازیں پاکستان کے مختلف شہروں کے لیے روانہ ہوئیں،پی آئی اے کی دو پروازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، ایک کراچی جبکہ ایک پرواز لاہور پہنچی، پہلے روز کل 950 حجاج کرام وطن واپس پہنچیں گے۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے جدہ حج ٹرمینل پر حجاج کرام کی سہولت کے لئے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات حجاج کرام کی وطن واپسی کے آپریشن کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کا 11 جون سے شروع ہونے والا بعد از حج آپریشن 10 جولائی تک جاری رہے گا۔