
پارٹی ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مشاورت کے لیے اہم اجلاس طلب کر رکھا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے بجٹ کے خلاف بھرپور احتجاج کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے اجلاس میں پارٹی کے تمام رہنماؤں کو شرکت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اجلاس میں بجٹ کے موقع پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج پرغور کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر خزانہ نے اکنامک سروے معذرت خوانہ طریقے سے پیش کیا، پی ٹی آئی
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کے خلاف اپنا بھر پور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، بجٹ میں کفایت شعاری اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے کوئی بھی لائحہ عمل اختیار نہیں کیا گیا ۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ کوئی ریفارمز نہیں لائی جا رہیں، معیشت کی بہتری کے لئے کوئی بڑا قدم نظر نہیں آرہا۔
علاوہ ازیں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر نے کہا کہ آج ہم نے اہم اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس میں بجٹ کے حوالے سے ٹھوس لائحہ عمل طے کیا جائے گا، موجودہ بجٹ سے کوئی اچھائی کی امید نہیں ہے۔