پی ٹی اے نے عوام کو "سم" سے متعلق خبردار کردیا
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو ’سم‘ سے متعلق خبردار کردیا
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون صارفین کو اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون صارفین کو اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی موبائل سم صرف اپنے ہی نام پر رجسٹر کروائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی سم کسی اور کے زیر استعمال نہ ہو۔

پی ٹی اے نے فیس بک پر جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر چوری شدہ یا جعلی شناختی معلومات استعمال کرتے ہوئے شہریوں کے نام پر غیر قانونی موبائل سمیں حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ سمیں بعد ازاں دھوکہ دہی، مالی فراڈ، شناخت کی چوری اور بعض اوقات دہشت گردی جیسے سنگین جرائم میں بھی استعمال کی جا سکتی ہیں، جس کا نقصان نہ صرف معاشرتی طور پر ہوتا ہے بلکہ قانونی طور پر بھی اصل شناختی کارڈ ہولڈر کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین کا عمران خان کی رہائی کی تحریک دوبارہ شروع کرنے کا عندیہ

پی ٹی اے کے مطابق شہریوں کو چاہیے کہ وہ وقتاً فوقتاً اس بات کی تصدیق کریں کہ ان کے قومی شناختی کارڈ پر کتنی سمیں رجسٹرڈ ہیں۔ اس کے لیے صارفین www.cnic.sims.pk پر جا کر اپنا ریکارڈ چیک کر سکتے ہیں یا 668 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر (بغیر ڈیش کے) ایس ایم ایس کریں۔ یہ عمل نہایت آسان، مفت اور فوری معلومات فراہم کرتا ہے۔

اگر کسی شخص کو معلوم ہو کہ اس کے نام پر ایسی کوئی سم موجود ہے جو وہ خود استعمال نہیں کر رہا، تو اسے فوری طور پر اپنے قریبی موبائل فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر پر جا کر وہ سم بند کروانی چاہیے۔ بصورت دیگر وہ غیر ارادی طور پر کسی جرم یا غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بن سکتا ہے۔

پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور موبائل سموں کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام میں ادارے کے ساتھ تعاون کریں۔ صرف اپنی ہی شناخت پر رجسٹرڈ اور حقیقی استعمال میں موجود سم کا رکھنا شہری ذمہ داری ہے اور قومی سلامتی کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔