علی امین کا عمران خان کی رہائی کی تحریک دوبارہ شروع کرنے کا عندیہ
 وزیر خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پیٹرن چیف پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے دوبارہ تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔
فائل فوٹو
ڈی آئی خان: (ویب ڈیسک) وزیر خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پیٹرن چیف پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے دوبارہ تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی عدالتوں سے منسلک ہے، ہماری عدلیہ کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، ملک میں عدلیہ آزاد نہ ہونے باعث عمران خان پابند سلاسل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی تحریک چلائی ہے، اب دوبارہ تحریک شروع کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک کی کامیابی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔

صوبائی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبے میں ٹیکس فری بجٹ دیں گے، عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگائیں گے، صوبے میں میگا پراجیکٹس شروع کر رہے ہیں، پشاور ڈیرہ موٹروے پر کام ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: احتجاج کا آئینی راستہ استعمال کریں گے، علی امین گنڈا پور

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایجوکیشن ایمرجنسی کا نفاذ کررہے ہیں اور تعلیمی معیار کو اوپر لانا اولین ترجیح ہے، نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے بلا سود قرض کی فراہمی کا منصوبہ لائیں گے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نے قرضوں کی ادائیگی کیلئے ڈیڑھ سو ارب مختص کر رکھے ہیں، صوبے کے پاس اتنے وسائل ہیں کہ وفاق کو قرض دے سکتے ہیں، مقروض ملک آزاد اور خود مختار فیصلے نہیں کر سکتا۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ شروع سے کہہ رہے ہیں افغانستان کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل ہو گا، وفاقی حکومت نے افغانستان کے ساتھ بات چیت شروع کی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات میں صوبائی حکومت کو بھی شامل کیا جائے ،میں نے یہ مؤقف حالیہ جرگہ میں بھی دہرایا ہے۔