بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا میری بانی سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، ہمیں نظر نہیں آ رہا کہ عمران خان رہا ہوں گے، ہم احتجاج کا حق رکھتے ہیں، یہ سمجھتے ہیں ڈنڈے کے زور پر ہمیں غلام بنائیں گے تو جان لیں ہم اب ڈنڈے کے مقابلے میں ڈنڈا ماریں گے اور گولیوں کے مقابلے میں گولیاں چلائیں گے ۔ مجھے کوئی گولی ٹھوکے گا تو مجھے بچانے والے اسے گولی ٹھوکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس: نیب کو 11 جون تک وقت مل گیا
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہماری تحریک بڑے صبر اور برداشت کے بعد چلے گی، اگر اس ملک میں انسانی حقوق نہیں ہوں گے تو ہم نکلیں گے، ہمارا بجٹ آنے والا ہے اس حوالے سے معاشی ٹیم کی ملاقات بجٹ سے پہلے کرائیں گے، اگر ملاقات نہیں کرائی گئی تو پھر لائحہ عمل طے کریں گے۔
انہوں نے کہا ہماری صوبے میں حکومت ہے بانی کی ان پٹ بجٹ لازمی ہے ، بانی نے فنڈزانسانی فلاح پر لگانے کا حکم دیا ہے، ہم نے ویلفیئر پر کام کرنا ہے جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں ان کو اوپر لانا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم جو ممبرز کو فنڈز دیتے تھے اب براہ راست نہیں دیں گے، اب ممبرز سکیم دیں گے اور ایک کمیٹی اس کی سکروٹنی کے بعد فنڈز منظور کرے گی بانی نے اس کی منظوری دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملک پر قبضہ کرنے والے اس ملک کو تباہ کر رہے ہیں، ہمارے ملک کے بجٹ کی شروعات قرضوں سے ہوتی ہے، اگر قرضوں پر گھر چلا تو اس کا سودا کر دیں گے، اس ملک میں انہوں نے کچھ نہیں چھوڑا، بشریٰ بی بی کی ملاقات بھی بند ہے ، آج تک کسی نے کسی کی بیوی کے ساتھ ایسا نہیں کیا، ہماری پارٹی کی لیڈرشپ جیلوں میں بند ہے، ہمارے بہت سے ورکر جیلوں میں ہیں، یہ سمجھتے ہیں ہمیں غلام بنالیں گے۔