
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو الگ الگ ٹیلیفون کیے۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے عید الاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے اس عظیم مذہبی تہوار کے روحانی پیغام پر زور دیا اور کہا کہ یہ دن ایثار، قربانی، بھائی چارے اور انسانیت سے محبت کا پیغام دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا عمان کے سلطان کو فون، عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چاروں صوبوں کے درمیان تعاون، اتحاد اور یکجہتی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی بہتری کے لیے کام کریں تاکہ ملک کو خوشحال اور مستحکم بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے فون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور جوابی طور پر انہیں بھی عید کی دلی مبارکباد دی۔ چاروں وزرائے اعلیٰ نے وزیراعظم کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔