
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سلطان ھیثم کو اور عمان کے برادر عوام کو عید الاضحیٰ کے موقع پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو اتحاد، سلامتی اور خوشحالی عطا فرمائے۔ ساتھ ہی انہوں نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر بھی اظہار تشویش کیا اور غزہ کے مظلوم عوام کے لیے خصوصی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحیٰ کا دوسرا روز، گوشت کی تقسیم اور دعوتیں جاری
وزیراعظم نے گفتگو کے دوران حالیہ پاکستان بھارت کشیدگی کے دوران عمان کے متوازن اور مثبت کردار پر سلطان ھیثم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عمان کی جانب سے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے کی گئی حمایت کو سراہا، جسے پاکستان نے امن کے قیام کے لیے اہم قرار دیا۔
مزید برآں، وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور عمان کے درمیان برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تجارت، توانائی، تعلیم، سیاحت اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سلطان ھیثم بن طارق کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ سلطان عمان نے یہ دعوت خوش دلی سے قبول کی اور وزیراعظم شہباز شریف کو بھی سلطنت عمان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں دورے باہمی مشاورت سے سفارتی ذرائع کے ذریعے مناسب وقت پر ترتیب دیے جائیں گے۔