اسلام آباد وگردونواح اوربالائی خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد و گردونواح اور بالائی خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد و گردونواح اور بالائی خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ اسلام آباد میں رات کے اوقات میں مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر تیز گردآلوود ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، آئندہ چند گھنٹوں کے دوران پشاور، چارسدہ، مردان، کوہاٹ، خیبر، مہمند، دیر، سوات، ملاکنڈ، کوہستان، اٹک اور گرد و نواح میں گرد و غبار کے طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عید کے ایام میں موسم کیسا رہے گا ؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

علاوہ ازیں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم راولپنڈی اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر تیز گردآلود ہوا ؤں اور گر ج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسی طرح سندھ کے بیشتر اضلاع میں رات کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے 7 سے 12 جون تک ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں سخت گرمی کی پیشگوئی کی تھی، وسطی اور بالائی پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔