عید کے دنوں میں موسم کیسا رہے گا ؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر کے شہریوں کے لیے موسم سے متعلق اہم پیشگوئی جاری کر دی
7 سے 12 جون تک ملک کے بیشتر بالائی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر کے شہریوں کے لیے موسم سے متعلق اہم پیشگوئی جاری کر دی جس کے مطابق عید کی تعطیلات اور آئندہ پورے ہفتے کے دوران پاکستان بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 7 سے 12 جون تک ملک کے بیشتر بالائی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ اس دوران وسطی اور بالائی پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری تک زیادہ ہو سکتا ہے، جو کہ ان علاقوں کے لیے غیر معمولی صورتحال سمجھی جا رہی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دھوپ سے بچنے کے لیے سایہ دار مقامات کا انتخاب کریں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے

علاوہ ازیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی و وسطی سندھ، جنوبی پنجاب اور شمالی بلوچستان کے علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہوں گے، جہاں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آج کے دن ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ میدانی علاقے شدید گرم موسم کا سامنا کریں گے۔ خاص طور پر لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، کراچی، سکھر، حیدرآباد، کوئٹہ، اور ڈی جی خان جیسے شہروں میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عید کے موقع پر قربانی کے جانوروں کے ذبح اور گوشت کی تقسیم کے دوران دھوپ میں غیر ضروری طور پر زیادہ دیر تک نہ رہیں، بچوں اور بزرگوں کو خاص طور پر محفوظ مقامات پر رکھیں اور پانی، مشروبات اور ٹھنڈی اشیاء کا زیادہ استعمال کریں۔