سپیکر قومی اسمبلی و چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ میں 634 فیصد اضافہ
سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ میں 634 فیصد اضافہ کردیا گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ میں 634 فیصد اضافہ کردیا گیا۔

وزارت پارلیمانی امور نے سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی و چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ 13 لاکھ مقرر کردی گئی، تنخواہ میں اضافے کے اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہو گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ 2 لاکھ 5 ہزار روپے تھی جو اب بڑھ کر 13 لاکھ روپے ماہانہ ہو گئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل رواں برس کے آغاز میں حکومت نے ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کی ماہانہ تنخواہ میں 146 فیصد اضافے کیا تھا، اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ 2 لاکھ 18 ہزار روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار روپے کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: تنخواہ دار اور کم آمدنی والے طبقے کیلئے بڑی خوشخبری

دوسری جانب گزشتہ برس کے اختتام پراراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں بڑا اضافہ کیا گیا تھا، پنجاب اسمبلی سے اراکین کی تنخواہوں سے متعلق ترمیمی بل کی منظوری کے بعد اراکین کی تنخواہ 76 ہزار سے 4 لاکھ روپے کی گئی تھی۔

پنجاب کابینہ کے اراکین کی تنخواہ ایک لاکھ سے بڑھا کر 9 لاکھ 60 ہزار روپے مقرر کی گئی تھی جبکہ وزیر اعلیٰ کے مشیر کی تنخواہ ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر 6 لاکھ 65 ہزار روپے کردی گئی تھی، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کی تنخواہ بھی ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر 6 لاکھ 65ہزار روپے کی گئی تھی۔

اسی طرح ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی تنخواہ ایک لاکھ 20 ہزار روپے سے بڑھا کر 7 لاکھ 75 ہزار جبکہ پارلیمانی سیکرٹری کی تنخواہ 83 ہزار روپےسے بڑھا کر 4 لاکھ 51 ہزار مقرر کی گئی تھی۔