فیصل واوڈا کی دفاعی بجٹ میں دو تین گنا اضافہ کی تجویز
سینیٹر فیصل واوڈا نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ دفاعی بجٹ کو دو سے تین گنا تک بڑھایا جائے
سینیٹر فیصل واوڈا سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ دفاعی بجٹ کو دو سے تین گنا تک بڑھایا جائے تاکہ ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے اور دشمن کو مؤثر جواب دیا جا سکے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں اپنے افواج کی تنخواہیں دوگنا کرنی پڑیں تو ہمیں اس سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر اختلافات ختم کرے اور قومی سلامتی کے لیے ایک متحدہ حکمت عملی تیار کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنا پیٹ کاٹ کر، قربانیاں دے کر دفاعی بجٹ کو کئی گنا بڑھانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگی ماحول میں ہمیں زبانی جمع خرچ سے نکل کر عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ ’’جب تک ہم بھارت کے ساتھ دشمنی کو منطقی انجام تک نہیں پہنچاتے، تب تک ترقی کی کوئی بات نہیں کرنی چاہیے۔‘‘ فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان اس وقت محفوظ ہاتھوں میں ہے، قوم متحد ہے اور دفاع کے لیے پرعزم بھی۔

یہ بھی پڑھیں:خضدار: سکول وین پر بزدلانہ حملہ، معصوم بچوں سمیت 5 افراد شہید

سینیٹ اجلاس میں سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی بھرپور انداز میں بھارت کے خلاف بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جانا چاہیے، بھارت ہی پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے پیچھے ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کو تربیت، اسلحہ اور مالی امداد فراہم کر رہا ہے، اور اسی مقصد کے لیے کلبھوشن یادیو جیسے جاسوس بھی بھیج رہا ہے۔

عرفان صدیقی نے بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’بلوچستان میں دہشتگردوں کو کچلنے کے لیے کسی قسم کی نرمی نہیں ہونی چاہیے۔ معصوم بچوں کے قاتلوں کے لیے کوئی رحم نہیں، ان کی گردنیں اڑا دینی چاہئیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو سبق سکھا دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان کو زیر نہیں کر سکتا۔ جنرل عاصم منیر کا فیلڈ مارشل بننا پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے، اور یہ اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان کی افواج دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہیں۔