سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن بنیان مرصوص میں ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارتی سپانسرڈ پراکسیز پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے لگیں، 10 مئی 2025ءکے بعد بھارت کے مختلف نامی اور بے نامی سوشل میڈیا ہینڈلزر نے بلوچستان پر حملوں کی دھمکیاں دیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بھارتی سپانسرڈ کالعدم بی ایل اے کے ذریعے بھارت، بلوچستان میں دہشتگردی پھیلانے میں سرگرم ہے، 21 مئی کو خضدار میں بی ایل اے کا سکول بس پر بزدلانہ خودکش حملہ اسی سازش کی کڑی ہے، دہشتگردانہ حملے میں تین معصوم بچوں سمیت پانچ افراد شہید جبکہ متعدد بچے شدید زخمی ہیں ۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مودی حکومت بھارتی عوام کی اپنی شکست سے توجہ ہٹانے کے لئے پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی پھیلا رہی ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کی متعدد پریس بریفنگز میں بھارت کی پاکستان میں دہشتگردی کے شواہد منظر عام پر لائے جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خضدار، سکول وین پر بزدلانہ حملہ، معصوم بچوں سمیت 5 افراد شہید
ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت کے زیر سرپرستی ریاست راجستھان میں دہشتگردوں کی تربیت کیلئے 21 کیمپ موجود ہیں جنہیں پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئے بھارت استعمال کرتا ہے،بھارتی جاسوس کلبھو شن یادیو کا پاکستان میں دہشتگردی کی سہولت کاری کا واضح اعتراف موجود ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ جعفر ایکسپریس حملہ میں دہشتگرد بھارتی سہولت کاروں سے افغانستان میں را بطے میں تھے، بھارت کی سیاسی قیادت اور بھارتی میڈیا پاکستان میں بی ایل اے جیسےدہشتگرد گروہوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں، بھارت کی ریاستی دہشتگردی پوری طرح بے نقاب ہو چکی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارت سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا کر دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے، پاکستان، بھارتی دہشتگردی کی ہر شکل کو پاکستان سے جڑ سے اکھاڑ کر رہے گا۔