ہم نے دشمن کو اُسی زبان میں سبق سکھایا جسے وہ اچھی طرح سمجھتا ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خود مختاری کو چیلنج کرنیوالوں کے سامنے ہم سیسہ پلائی دیوار بن جاتے ہیں۔
فوٹو سکرین گریب
اسلام آباد : (سنو نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے دشمن کو اُسی زبان میں سبق سکھایا جسے وہ اچھی طرح سمجھتا ہے۔

بھارت کیخلاف شاندار فتح کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کو وہ لوگ پسند ہیں جو اس کی راہ میں صف بند ہو کر لڑتے ہیں جیسا کہ سیسہ پلائی دیوار ہو، خود مختاری کو چیلنج کرنے والوں کے سامنے ہم سیسہ پلائی دیوار بن جاتے ہیں، بھارت کیخلاف شاندار فتح پر محب وطن اور غیور پاکستانیوں کو دل کی گہرایوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن نے گزشتہ دنوں بزدلانہ اور شرمناک فعل کیا ، ہماری بہادر افواج نے پیشہ وارانہ انداز میں دشمن کو بھرپور جواب دیا، بھارت نے ہم پر بلاجواز جنگ مسلط کی، ہم نے پہلگام واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت نے شہری آبادی کو نشانہ بنا کر ہمارے صبر کا امتحان لیا، ہم نے فیصلہ کیا دشمن کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے ۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا، ہمارے شاہینوں کی کارروائی سے دشمن کے رافیل فیل ہو گئے، بہادر جوانوں کا مقابلہ کون کرسکتا ہے سب کو عیاں ہو گیا، شاہینوں نے چند گھنٹوں میں دشمن کی توپوں کو خاموش کرادیا تاریخ اسے یاد رکھے گی، دشمن کے فوجی اڈے، اسلحہ کے انبار اور ایئربیسز دیکھتے ہی دیکھتے راکھ کا ڈھیر بن گئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کی فتح ہماری غیرت اور ہمارے اصولوں کی فتح ہے، بھارت کے رافیل بھی اسے شکست سے نہ بچا سکے، بھارت نے ہمارے آبی ذخیروں کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی، ہمارا وقار اور عزت ہمیں اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے، ہم نے دشمن کےساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیز فائر، خطے میں امن و خوشحالی اور استحکام کی راہ ہموار ہو گی: وزیر اعظم

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، قوم کی دعاؤں اور مسلح افواج کی کوششوں سے اللہ تعالیٰ نے تاریخی فتح دی، یہ افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری قوم کی فتح ہے، سروسز چیفس اور افسران سمیت جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا قوم کی طرف سے دل کی اتاہ گہرایوں سے مشکور ہوں، اس موقع پر ساتھ دینے پر ملک کی تمام سیاسی قیادت کا مشکور ہوں، فیک نیوز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والا ہمارا ذمہ دار میڈیا بھی مبارکباد کا مستحق ہے، ہم نے ہر محاذ پر ذمہ دار ریاست کا مظاہرہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام نے بہادر شیروں پر محبت کے والہانہ پھول برسائے، اللہ تعالیٰ نے ہمیں شاندار فتح دی جتنا شکر ادا کریں کم ہے، پاکستان نے جنگ بندی کی تجویز کا مثبت جواب دیا، امید ہے مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنایا جائے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ جنگ بندی میں اہم کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مشکور ہوں، سعودی عرب، یو اے ای، قطر، ترکیہ، برطانیہ اور یو این سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دوست ملک چین کا بطور خاص ذکر نہ کیا تو میری تقریر ادھوری رہے گی، ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے پر چینی صدر شی چن پنگ اور عوام کا شکرگزار ہوں۔