لاہور: والٹن میں صبح کے وقت خوفناک دھماکا
لاہور کے علاقے والٹن میں صبح کے وقت اچانک پے در پے دھماکوں کی آوازوں نے خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی
لاہور میں صبح کے وقت خوفناک دھماکے کی آوازیں سنا گئیں/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) والٹن کے علاقہ میں دھماکہ کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد ریسکیو کی فائر فائیٹنگ وہیکلز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

 07:40_ والٹن ڈرون حملہ

دھماکوں کی آوازیں گوپال نگر نصیر آباد کے علاقہ میں سنی گئیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر سکیورٹی ایجنسی جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق یکے بعد دیگرے تین دھماکوں کی آواز آئی۔

08:00_فضائی روٹ بند

لاہور اور سیالکوٹ کے حدود میں متعدد فضائی روٹ کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دئے گئے ہیں۔ لاہور اور سیالکوٹ کے فضائی روٹس آج دوپہر 12 بجے تک بند رہیں گے۔ جاری کردہ نوٹم میں کہا گیا کہ لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں سات فضائی روٹس کمرشل طیاروں کی پروازوں کیلئے بند کئے گئے ہیں۔ سیالکوٹ ایر پورٹ پر کمرشل طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف بھی دوپہر 12 بجے تک بند رہے گا۔

9:27_ بھارتی ہیلی کاپٹر تباہ

بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں پرواز بھرتے ہوئے ہیلی کاپٹر اتری پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار پانچ افراد موقع پر ہلاک جبکہ باقی عملے کے 2 ارکان شدید زخمی ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہیلی کاپٹر موسم کی خرابی اور کم حدِ نظر کے باعث پہاڑی سلسلے میں اچانک گہرے بادلوں کے بیچ چلا گیا۔ حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر کے منہدم ہونے کے مقام پر دھواں بلند ہوتے دیکھا گیا۔ مقامی افراد نے بتایا کہ گرمی کی شدت کے باوجود تیز ہوائیں تھیں، جس نے پائلٹ کے لیے راستہ تلاش کرنا مشکل بنا دیا۔

ریسکیو حکام نے تصدیق کی کہ جائے وقوع مکمل طور پر سیل ہے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا۔ ریاستی وزیر برائے داخلہ نے فیلڈ میں موجود انتظامیہ کو فوری طور پر تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ زخمیوں کو دہلی منتقل کرنے کے لیے ہائی وے ایمبولینس سروس بھی طلب کی گئی ہے۔

11:49 _ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارت کی جانب سے ایک بار پھر دراندازی کی کوشش کی گئی جس پر پاکستان نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 12 ڈرونز مار گرائے۔

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں اس بات کی تصدیق کی کہ بھارت نے مختلف پاکستانی شہروں بشمول لاہور، گوجرانوالہ، اٹک، راولپنڈی اور کراچی میں ڈرونز بھیجے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی یہ کارروائیاں نہ صرف پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا بھارت کو بھرپور جواب، 5 طیارے مار گرائے

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، سندھ کے علاقے میانوں میں ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک شہری شہید جبکہ ایک زخمی ہوا۔ لاہور کے قریب ایک ڈرون فوجی تنصیبات کے قریب پہنچنے میں کامیاب ہوا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے چار جوان زخمی ہوئے۔ ترجمان کے مطابق، میانوالی، بہاولپور اور چھور جیسے حساس علاقوں میں بھی ڈرونز کے ذریعے دراندازی کی کوشش کی گئی، تاہم پاکستانی فضائی اور زمینی دفاعی نظام نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے ان کوششوں کو ناکام بنا دیا۔

12:26_ڈی ایچ اے لاہور ڈرون حملہ

لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں ڈرون کے گرنے کی اطلاع ملی ہے جس کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق ڈرون کا ملبہ مل گیا جبکہ واقعے کے فوراً بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

12:53_ فورٹ عباس ڈرون حملہ

فورٹ عباس کے علاقے چولستان میں بھارتی ڈرون گر کر تباہ ہوگیا۔ چاپو والا کے مقام پر زوردار دھماکے کی آوازیں دور تک سنی گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق چاپو والا میں ڈرون کا ملبہ دو ایکڑ پر گرا۔ انڈیا کی طرف سے آنے والے ڈرون کو کامیابی سے تباہ کرنے پر لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

12:55_ سکیورٹی صورتحال پر اجلاس

وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں سیکورٹی صورتحال پہ اہم اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیکورٹی کا جائزہ لیا گیا، بھارت کی جانب سے مختلف شہروں میں ڈرون بھیجنے کے معاملے پہ غور کیا گیا۔ اجلاس میں سینئر سیکورٹی حکام، وفاقی وزرا اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔

12:56_ بھارتی ڈرون تباہ

لاہور کے علاقے والٹن میں مزید تین ڈرون گرائے گئے جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تمام پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔

13:30_ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور سمیت دیگر مقامات پرڈرون حملوں کی شدید مذمت کی اور 12 مقامات پر بھارتی ڈرون بروقت گرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ مریم نواز نے انتظامیہ، پولیس، ریسکیو سروسز اور پاک فضائیہ کے بروقت ریسپانس کو سراہا۔

انہوں نے لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور او ردیگر شہروں میں پولیس، انتظامیہ اور دیگر اداروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ مریم نواز نے ڈرون حملوں میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیراعلی مریم نواز نے پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈرون حملوں کے دوران زخمی شہری اور افسران کے بہترین علاج کی ہدایت کی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کمسن بچوں سمیت بے گناہ شہریوں کو شہید کر کے بھارت نے ننگی جارحیت کا ارتکاب کیا ہے، بھارت کو بے گناہ شہریوں پر حملے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا، پوری قوم پاک فوج کے افسران اور سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہے، دنیا بھر میں بھارتی پائلٹ کی نااہلی اور ناکامی کا استعارہ بن چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بھارت کا غرور رافیل طیارے زمین پر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں، شہدا ء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا، بھارت نے آبی ذخائر پر حملہ کر کے عالمی قوانین کی واضح خلاف ورزی کی۔

14:08_ وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے قومی اسملی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد یکجہتی کی ایک نئی مثال قائم ہوئی ہے، پوری دنیا میں ایک پیغام گیا ہے، اپوزیشن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہمارے بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں حملے کیے۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ رافیل طیارے جدید ترین سپیرئیر ٹیکنالوجی کے حامل جیٹ ہیں، بھارت کو ان پہ بہت غرور تھا، اللہ کا شکر ہے کہ جس ارادے سے وہ پاکستان کی طرف دیکھ رہے تھے اس میں ناکام ہوئے، اپنی خفت مٹانے کے لیے انہوں نے حکمت عملی تبدیل کی ہے، پاکستانی قوم کا جذبہ قابل تحسین ہے، پوری قوم متحد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچوں انگلیاں مٹھی بن جاتی ہیں، جب رافیل طیارے بھیجے گئے ہماری مسلح افواج کا جواب موثر تھا، یہ جہاز نہیں گرے بھارت کا غرور اور مورال گرا ہے، رافیل بنانے والے ادارے کہہ رہے ہوں گے کہ تم نے تو ہمارا نقصان کر دیا، ہم اپنی مسلح افواج کو سیلوٹ پیش کرتے ہیں، ہم نے پچھلی مرتبہ فینٹاسٹک ٹی پلائی تھی، اس مرتبہ بھی ہم تیار تھے مگر طیارے وہیں گر گئے تو ہم نے فینٹاسٹک ٹی کی ہوم ڈیلیوری کی ہے۔

15:46_پاکستانی قیادت کا بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں شرکاء کو بریفنگ دی گئی۔ شرکاء نے ڈرون حملوں اور پاکستانی ردعمل سے بھی آگاہ کیا۔ بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا بھرپور جوابی کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستانی قیادت نے بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم کا اظہار کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارت کے 25 اسرائیلی ڈرون مار گرائے گئے۔ فورم نے عزم کا اظہار کیا کہ ڈرون حملوں میں شہید ہونے والوں کا بدلہ لیا جائے گا، ایک ایک پاکستانی کے خون کا حساب لیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے اور ہم ہر حالات کے لیے تیار ہیں، پاکستان نے بھارت کے ڈرون اور جہاز مار گرائے ہیں، پاکستان اپنے وقار اور عزت سے امن کے لیے پر عزم ہے، پاک افواج دشمن کے تمام عزائم ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، دشمن کو خود ارادیت، علاقائی سالمیت پر حملے اور سلامتی کی خلاف ورزی کا جواب ملے گا۔

16:50- واہگہ بارڈر یا ملحقہ علاقوں میں کوئی سکیورٹی واقعہ پیش نہیں آیا: ڈپٹی کمشنر

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے ایک پیغام میں ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ کسی قسم کا ایمرجنسی پبلک نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا،سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایڈوائزری غلط، بے بنیاد اور جعلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے کسی بھی افواہ یا غیر مصدقہ اطلاع پر یقین نہ کریں، واہگہ بارڈر یا اس سے ملحقہ علاقوں میں کوئی سکیورٹی واقعہ پیش نہیں آیا، جعلی ایڈوائزری میں ڈی ایچ اے فیز 8، عسکری 11، پیراگون سٹی اور گرین سٹی کا بے بنیاد ذکر کیا گیا ہے، جس کی کوئی حقیقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ، شہری کسی بھی قسم کی معلومات کے لیے 0002345-0307 اس نمبر پرابطہ کر سکتے ہیں، یا ہمارے آفیشل سوشل میڈیا پیجز سے بروقت معلومات حاصل کریں۔

ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے شہریوں کو تاکید کی کہ غیر مصدقہ خبروں کو آگے پھیلانے سے اجتناب کریں،سچی اور قابلِ اعتماد معلومات کے لیے آئی ایس پی آر اور پی ٹی وی جیسے سرکاری ذرائع کو ترجیح دیں،پر سکون رہیں اور افراتفری پھیلانے سے گریز کریں، شہری دفاع کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

17:30- رافیل کے بعد اسرائیلی ڈرون بھی زمین بوس، مودی کو خفت کا سامنا

فرانس کے رافیل طیاروں کی تاریخی شکست کے بعد اسرائیلی ڈرون بھی مودی سرکار کو ذلت سے نہ بچا سکے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی فضائیہ کی تاریخی شکست کے بعد مودی سرکار نے بھارتی بری فوج کو سامنے لانے کا ایک اور ناکام فیصلہ کیا تاہم بھارتی فضائیہ کے بعد بھارتی فوج بھی پٹ گئی، پاکستان نے بھارت اور اسرائیل کی جدید ٹیکنالوجی کو دو گھنٹے کے اندر اندر زمین بوس کر دیا۔

19:32- پاکستان جب بھارت پر حملہ کرے گا تو پوری دنیا کو پتا چلے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان جب بھارت پر حملہ کرے گا تو پوری دنیا کو پتا چلے گا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کی حملے کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے، پاکستان بھارت سے آنے والی ہر چیز کو مانیٹر کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے امرتسر میں خود اپنی تنصیبات کو نشانہ بنایا، بھارت کے 15 مقامات پر پاکستانی حملوں کی خبر جھوٹ کا پلندہ ہے، پاکستان جب حملہ کرے گا تو پوری دنیا کو پتا چلے گا، جب پاکستان حملہ کرے گا تو نظر بھی آئے گا اس کی گونج بھی سنائی دے گی، جب پاکستان حملہ کرے گا تو بھارتی میڈیا نہیں بتائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت سینما کی فلمی دنیا سے نکل کر حقیقی دنیا میں کب آئے گا؟ بھارت جنگی جنون کو ہوا دینے سے گریز کرے، بھارت دنیا کو بیوقوف بنانا بند کرے۔

20:25- بھارت کا ایک اور ڈرون گر کر تباہ

ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے ایمن آباد کے قریب کھیتوں میں ایک اور ڈرون آ گرا، بھارتی ساختہ ڈرون گرنے کے مقام پر کئی فٹ گہرا کھڈا پڑ گیا، دیہاتیوں نے ڈرون کے ٹکرے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی ۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے ڈرون کا ملبہ قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ریسکیو ، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

21:15- بھارتی ڈرون حملوں کے بعد پاکستان کا جواب ناگزیر ہوگیا: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارتی ڈرون حملوں کے بعد پاکستان کا جواب ناگزیر ہو چکا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی جوابی کارروائی میں مکمل حکمت عملی اپنائے گا اور بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسے اقدامات کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب بات چیت کا وقت نہیں بلکہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔