محکمہ صحت سندھ کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ وائرس جانوروں سے انسانوں اور انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہو سکتا ہے، تاہم پاکستان میں ابھی تک نیپاہ وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
ایڈوائزری میں عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور مشکوک علامات ظاہر ہونے پر فوراً قریبی اسپتال یا ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔
ابتدائی علامات میں بخار، سر درد، کھانسی، جسم میں درد اور الٹی شامل ہیں۔ محکمہ صحت نے کہا ہے کہ اگر ان علامات میں شدت آئے تو فوری طبی امداد حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے مزید کہا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی اسپتال الرٹ ہیں، وائرس کی روک تھام کیلئے وفاقی وزارت صحت کی گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ جانوروں سے براہِ راست رابطہ کم کریں، آلودہ کھانے یا مشروبات سے گریز کریں اور ہاتھوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دیں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا سے زیادہ خطرناک وائرس،الرٹ جاری
محکمہ صحت کے مطابق نیپاہ وائرس کی ابتدائی علامات میں غفلت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے لوگوں کو ہر ممکن حفاظتی اقدامات اختیار کرنے چاہیے۔
سندھ حکومت نے یقین دلایا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری اقدامات کیے جائیں گے۔