بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال میں نپاہ سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صحت حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، محکمہ صحت کے ایک اعلی عہدیدار کے مطابق وائرس کا شکار ہونے والی دو نرسوں میں سے ایک کی حالت بہتر ہے تاہم دوسری نرس اب بھی تشویشناک حالت میں زیرعلاج ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ طبی عملہ ضلع پوربا بردھمان میں دوران ڈیوٹی وائرس سے متاثر ہوا، تاہم وائرس کے پھیلاؤ کے اصل ذرائع اور منتقلی کے طریقہ کار سے متعلق تحقیقات تاحال جاری ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ فلحال صورتحال پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فہد مصطفیٰ کون؟ فضیلہ قاضی کا ردِعمل توجہ کا مرکز
مغربی بنگال حکومت نے احتیاطی تدابیر کے تحت تفصیلی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں جن میں بروقت تشخیص، متاثرہ مریضوں کو سخت آئسولیشن میں رکھنا اور طے شدہ طبی پروٹوکول کے مطابق علاج کو یقینی بنانا شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق نپاہ وائرس ایک خطرناک زوٹک وائرس ہے جو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے اور ماضی میں اسکی شرح اموات 40 سے 75 فیصد تک دیکھی جا چکی ہے، اس وائرس کی علامات ابتداء میں بخار اور سردرد سے شروع ہو کر تیزی سے دماغی سوزش اور سانس کی شدید تکلیف میں تبدیل ہو سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بگ بیش میچ کے دوران اسٹیڈیم کے باہر آگ لگ گئی
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نپاہ وائرس کے لیے تاحال کوئی مخصوص ویکسین یا دوا دستیاب نہیں ہے اس لیے احتیاط، بروقت تشخیص اور موثر طبی نگرانی ہی اس کے پھیلاؤ کو روکنے کا واحد ذریعہ ہے۔