جعلی ادویات پر پابندی، الرٹ جاری
Fake Medicines Pakistan
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ملک بھر میں تین جعلی ادویات کے استعمال اور فروخت پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے جعلی ادویات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین دواؤں کے  مخصوص بیچز کو غیر معیاری و خطرناک قرار دے دیا ہے، ڈریپ کے مطابق یہ ادویات نہ صرف علاج میں ناکام ثابت ہو سکتی ہیں بلکہ انسانی جان کے لیے خطرہ بھی بن سکتی ہیں۔

ریپڈ الرٹ کے مطابق سینٹرل ڈرگ لیبارٹری کراچی اور ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری پنجاب کی رپورٹس میں تسکین درد گولی (بیچ نمبر 091) اور پین نل گولی ( بیچ نمبر 01) کو جعلی قرار دیا گیا ہے۔

تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ یہ ادویات لیو ہیلتھ کیئر لیب اور حکیم پرانا دواخانہ کراچی کی جانب سے بغیر کسی قانونی اجازت کے تیار اور سپلائی کی جارہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: رجب بٹ اور ندیم مبارک کی عبوری ضمانت میں توسیع

اسی طرح معدے کے علاج میں استعمال ہونے والا معروف برانڈ ڈوپھالک سیرپ کا بیچ نمبر 251986 بھی جعلی نکلا، ڈریپ کے مطابق اس سیرپ کے لیبل پر ایبٹ فارما کینیڈا کا نام درج ہے تاہم اصل بنانے والی کمپنی ہائی نون فارما نے اس بیچ سے لاتعلقی ظاہر کردی ہے۔

ڈریپ نے خبردار کیا ہے کہ جعلی ادویات کا استعمال علاج کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ جان لیوا بھی ہوسکتا ہے، اسی وجہ سے اتھارٹی نے ریگولیٹری فورس کو ہدایت کی ہے کہ مارکیٹ سے فوری طور پر متاثرہ بیچز ضبط کیے جائیں اور غیر قانونی سپلائرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

ڈسٹری بیوٹر اور میڈیکل اسٹورز کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے کہ وہ مذکورہ ادویات کی فروخت فوری طور پر بند کریں جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دوا خریدتے وقت بیچ نمبر اور کمپنی کی تصدیق ضرور کریں۔