لاہور کی ایڈیشنل سیشن کورٹ میں جوئے ایپ پروموشن کے مقدمے کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج منصور احمد قریشی نے کی،سماعت کے موقع پر ٹک ٹاکر رجب بٹ اور ندیم مبارک اپنی عبوری ضمانت کی مدت مکمل ہونے پر سخت سیکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران این سی سی آئی اے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تفتیشی افسر اس وقت ہائی کورٹ میں مصروف ہے اس لیے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت دی جائے، عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے این سی سی آئی اے کو آئندہ سماعت پر مکمل ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دورہ کراچی کا شیڈول سامنے آگیا
ملزمان کی حاضری مکمل ہونے کے بعد انہیں کمرہ عدالت سے جانے کی اجازت دے دی گئی، بعد ازاں عدالت نے رجب بٹ اور ندیم مبارک کی عبوری ضمانت کی درخواستوں میں 26 جنوری تک توسیع کردی ہے۔
واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے دونوں ملزمان کے خلاف جوئے کی ایپ کی تشہیر کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے جسکی مزید سماعت مقررہ تاریخ کو ہوگی۔