معروف گلوکارہ شازیہ خشک نے مذہب کی خاطر شوبز کو خیر باد کہہ دیا
ان کے اس فیصلے کی وجہ بھی سامنے آگئی ہے جس پر مداحوں کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ شازیہ خشک کا شمار پاکستان کی مقبول لوک گلوکاراؤں میں ہوتا ہے۔ وہ اپنے مشہور گیت لال میری پت کے باعث دنیا بھر میں شہرت حاصل کر چکی ہیں۔
انہوں نے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں بڑے اسٹیجز پر پرفارم کیا، جبکہ مختلف مزارات پر بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
گزشتہ کئی برسوں سے شازیہ خشک شوبز کی سرگرمیوں سے دور تھیں، تاہم اب انہوں نے اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی اور موسیقی چھوڑنے کے فیصلے سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گلوکارہ نے بتایا کہ وہ 2018 سے ہی گائیکی چھوڑ چکی ہیں اور انہوں نے یہ فیصلہ اللہ تعالیٰ اور اسلام کی خاطر کیا تھا۔
شازیہ خشک کے مطابق معروف نعت خواں جنید جمشید کی وفات کے بعد وہ شدید ذہنی اور روحانی کیفیت سے دوچار ہوئیں۔ اسی دوران انہوں نے موسیقی کا شعبہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور بتدریج پردہ اختیار کرنا شروع کر دیا۔
گلوکارہ نے بتایا کہ ان کے جڑواں بچے بیرون ملک مقیم ہیں، تاہم انہیں یقین ہے کہ وہ کبھی تنہا نہیں ہوں گی کیونکہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ ان کے ساتھ ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شازیہ خشک کے فیصلے کو سراہا جا رہا ہے اور ان کیلئے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔