اداکارہ مشی خان کا عمران خان کی صحت کے حوالے سے ایک ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں سابق وزیراعظم کی صحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رو پڑیں۔
مشی خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آنکھ متاثر ہوئی، کتنے دکھ کی بات ہے کسی کی آنکھ کسی کی غفلت کی وجہ سے ضائع ہو جائے، ان کے بار بار بتانے کے باوجود انہیں طبی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ 85 فیصد بینائی چلے جانا کوئی عام بات نہیں ہے، کسی کو بتایا تک نہیں گیا کہ عمران خان کی آنکھ کا مسئلہ ہے، تین ماہ وہ مسلسل جیل حکام کو کہتے رہے کہ ان کی آنکھ کا چیک اپ کرایا جائے لیکن کسی نے توجہ نہیں دی۔
اداکارہ مشی خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم معافی چاہتے ہیں خان صاحب ہم آپ کے لیے کچھ نہیں کر سکے۔
واضح رہے کہ فرینڈ آف کورٹ بیرسٹر سلمان صفدر نے آج بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور جیل میں فراہم کردہ سہولیات سے متعلق تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی صحت کا معاملہ، پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال دیدی
رپورٹ کے مطابق بانی کی دائیں آنکھ کی بینائی اچانک اور مکمل ختم ہونے پر علاج کا عمل شروع کیا گیا، ہسپتال منتقل کر کے انجکشن لگائے جانے کے باوجود بانی کے مطابق اُنہیں 10 سے 15 فیصد ہی نظر آتا ہے۔
سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے مطابق اکتوبر 2025 تک ان کی نظر 6/6 پوری تھی، اکتوبر 2025 کے بعد دائیں آنکھ سے دھندلا نظر آنے لگا، بانی نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے آنکھ کی تکلیف کی بار بار شکایت کی، شکایت کے باوجود 3 ماہ تک آنکھ کا علاج نہیں کرایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جیل میں بانی پی ٹی آئی کو بروقت طبی سہولتیں نہیں دی گئیں، آنکھ میں خون جمنے سے شدید نقصان ہوا، ملاقات کے دوران بھی بانی پی ٹی آئی کی آنکھ سے پانی آ رہا تھا، پمز ہسپتال میں علاج کے باوجود دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد باقی ہے۔