صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت سے متعلق تشویشناک صورتحال کے خلاف کل نماز جمعہ کے بعد تمام پریس کلبز کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہماری خاطر قید کاٹی، اب ہماری باری ہے کہ ہم ان کی صحت کے لیے آواز بلند کریں۔
واضح رہے کہ بیرسٹر سلمان صفدر نے آج بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور جیل میں فراہم کردہ سہولیات سے متعلق تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرائی تھی۔
رپورٹ کے مطابق بانی کی دائیں آنکھ کی بینائی اچانک اور مکمل ختم ہونے پر علاج کا عمل شروع کیا گیا، ہسپتال منتقل کر کے انجکشن لگائے جانے کے باوجود بانی کے مطابق اُنہیں 10 سے 15 فیصد ہی نظر آتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان اڈیالہ جیل میں دن کیسے گزارتے ہیں؟
سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے مطابق اکتوبر 2025 تک ان کی نظر 6/6 پوری تھی، اکتوبر 2025 کے بعد دائیں آنکھ سے دھندلا نظر آنے لگا، بانی نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے آنکھ کی تکلیف کی بار بار شکایت کی، شکایت کے باوجود 3 ماہ تک آنکھ کا علاج نہیں کرایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جیل میں بانی پی ٹی آئی کو بروقت طبی سہولتیں نہیں دی گئیں، آنکھ میں خون جمنے سے شدید نقصان ہوا، ملاقات کے دوران بھی بانی پی ٹی آئی کی آنکھ سے پانی آ رہا تھا، پمز ہسپتال میں علاج کے باوجود دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد باقی ہے۔