عمران خان اڈیالہ جیل میں دن کیسے گزارتے ہیں؟
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان
عمران خان روزانہ ناشتہ کے بعد ایک گھنٹہ قرآن خوانی کرتے ہیں/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی اڈیالہ جیل میں روزانہ کی مصروفیات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اڈیالہ جیل میں روزانہ کی مصروفیات بھی رپورٹ کا حصہ ہیں جس میں کہا گیا کہ عمران خان روزانہ صبح پونے دس بجے ناشتہ کرتے ہیں، ناشتہ کے بعد ایک گھنٹہ قرآن خوانی کرتے ہیں، قرآن خوانی کے بعد دستیاب مشینوں سے ورزش کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی سوا ایک بجے نہاتے ہیں، نہانے کے بعد کمپائونڈ میں بیٹھتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ساڑھے تین سے چاربجے کے درمیان دوپہرکا کھانا کھاتے ہیں، عمران خان شام ساڑھے پانچ بجے دوبارہ واک کرتے ہیں، شام ساڑھے پانچ سے صبح دس بجے تک سیل میں رہتے ہیں، صبح ناشتے میں ایک کپ کافی، دلیہ اور چند کھجوریں استعمال کرتے ہیں، دوپہر کے کھانے کے لئے ایک ہفتے کا پلان دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ،عمران خان کے ذاتی معالجین کی رسائی کا حکم

کھانے کے اخراجات فیملی ادا کرتی ہے، دو دن مرغی، دو دن گوشت، دو دن دال یا چاٹ سنیکس وغیرہ ہوتے ہیں، پینے کے لئے منرل واٹر کی بوتل دستیاب ہے، رات کے کھانے کے لئے کچھ مختص نہیں ہے، رات کا کھانا نہیں کھاتے، رات میں فروٹ، دودھ اور کھجوروں کا استعمال کرتے ہیں۔

یاد رہے سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو بروقت طبی سہولتیں نہیں دی گئیں، آنکھ میں خون جمنے سے شدید نقصان ہوا، ملاقات کے دوران بھی بانی پی ٹی آئی کی آنکھ سے پانی آ رہا تھا، 5 ماہ سے عمران خان کو وکلا سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی، فیملی ملاقاتوں پر بھی پابندی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جیل میں تنہائی کے باعث ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے، عمران خان نے بتایا گرمی اور مچھروں سے نیند متاثر ہوئی، سیل میں فریج نہ ہونے سے فوڈ پوائزننگ کی شکایت بھی ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے ذاتی ڈاکٹر کو رسائی نہ دینے کی شکایت کی، دو سال سے زائد عرصہ تنہائی میں رکھنے کا بتایا گیا۔

جیل حکام کو فوری طبی اقدامات کی سفارش کی جاتی ہے، کتابوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے، بانی پی ٹی آئی کو منصفانہ قانونی ٹرائل فراہم کیا جائے، بیٹوں سے ٹیلیفون پر بات کرائی جائے، بانی کی آنکھ میں خون کے لوتھڑے (بلڈ کلاٹ) کی تشخیص ہوئی جس کے باعث شدید نقصان ہوا، بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں سے پانی بہ رہا تھا جسے وہ بار بار صاف کر رہے تھے۔

رپورٹ میں سفارش کی گئی کہ عمران خان نے بتایا کہ دو سال سے دانتوں کا معائنہ بھی نہیں کرایا گیا، بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ ان کی عمر کے مطابق باقاعدگی سے بلڈ ٹیسٹ نہیں کرائے جا رہے، بانی پی ٹی آئی کے سیل میں موجود ٹی وی فعال نہیں ہے، وکلاء سے ملاقات کے بغیر شفاف ٹرائل کا بنیادی حق متاثر ہو رہا ہے، عدالت وکلاء سے ملاقات کے معاملے پر مداخلت کرے۔

بانی پی ٹی آئی کی اہلخانہ کے ساتھ بلا تعطل ملاقاتیں کرائی جائیں، بانی پی ٹی آئی کے سیل سے مچھروں اور حشرات کے خاتمے کیلئے اقدامات کیے جائیں، بانی پی ٹی آئی کے سیل میں ریفریجریٹر جیسی بنیادی ضرورت بھی فراہم کی جائیں۔