شوہر سے علیحدگی کی افواہوں پر فرح یوسف نے خاموشی توڑ دی
معروف ٹی وی میزبان و پاکستان عوام راج تحریک کے سربراہ اقرار الحسن کی اہلیہ فرح یوسف نے شوہر سے علیحدگی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) معروف ٹی وی میزبان و پاکستان عوام راج تحریک کے سربراہ اقرار الحسن کی اہلیہ فرح یوسف نے شوہر سے علیحدگی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔

حال ہی میں اقرار الحسن کی اہلیہ فرح یوسف نجی ٹی وی کے پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے نجی زندگی سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔

اقرار الحسن سے تعلق سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فرح یوسف کا کہنا تھا کہ شروع میں ہم دونوں ایک دوسرے کے زیادہ قریب نہیں تھے کیونکہ اقرار میرے سینئر تھے، اس لیے احترام کے ساتھ ایک حد تک جھجھک اور خوف بھی تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہم اچھے دوست بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم پہلے سے زیادہ قریب ہو چکے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ بہت کمفرٹیبل ہیں جب کہ میں اقرار کو چھیڑتی بھی ہوں، اس کے لیے کھانا بناتی ہوں، ہم ساتھ فلمیں دیکھتے ہیں اور جب ماضی کی یادیں تازہ ہوں تو لانگ ڈرائیوز پر بھی جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اقرار الحسن کی تیسری اہلیہ عروسہ خان تنقید کی زد میں

شوہر سے علیحدگی کی افواہوں سے متعلق سوال کے جواب میں فرح یوسف کا کہنا تھا کہ میں جب بھی یوٹیوب سکرول کرتی ہوں تو اس طرح کی افواہیں سامنے آتی ہیں اور ہماری علیحدگی کے بارے میں بے شمار وی لاگز بنے ہوئے ہیں، جن کے کچھ سرخیاں اتنی نامناسب ہوتی ہیں کہ میں انہیں دہرانا بھی نہیں چاہتی۔

انہوں نے ایسی تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان من گھڑت خبروں کی کوئی حقیقت نہیں، یہ مسئلہ صرف ہمارے ساتھ نہیں، بہت سے لوگوں کے ساتھ ایسا ہو چکا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اداکار منیب بٹ کے بارے میں بھی ایسی خبریں سامنے آئیں، جہاں ان کے برائیڈل فوٹو شوٹ کے بعد ان پر دوسری شادی کا الزام لگا دیا گیا اور اسی طرح سینئر شخصیات کی وفات کی بھی جھوٹی خبریں بھی پھیلائی جاتی ہیں۔