تفصیلات کے مطابق عروسہ خان نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے شوہر کی طرف سے دیے گئے تحائف کی تفصیل بیان کی۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں مہنگے کپڑے، زیورات، قیمتی گھڑی، ڈیزائنر کوٹ، فیشن ایبل عینک، انگوٹھی، کان کی بالیاں اور جدید ترین آئی فون 17 پرو سمیت متعدد قیمتی اشیاء تحفے میں ملی ہیں۔ عروسہ خان نے نہ صرف ان تحائف کا ذکر کیا بلکہ بعض اشیاء کی قیمتوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی، جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: معروف فرانسیسی اداکار ڈیلن تھیری نے اسلام قبول کر لیا
ان انکشافات کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف نوعیت کے ردِعمل سامنے آئے۔ کئی صارفین نے عروسہ خان کے اس انداز کو غیر ضروری نمائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذاتی زندگی اور تحائف کو اس طرح عوام کے سامنے لانا مناسب نہیں۔ بعض افراد کا کہنا تھا کہ سادگی اور اعتدال ہی خوشگوار ازدواجی زندگی کی اصل پہچان ہے اور عام لوگ مقامی مارکیٹ سے خریداری کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔
دوسری جانب کچھ صارفین نے طنزیہ تبصرے بھی کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ اتنی خطیر رقم خرچ کرنے کے بعد تو کوئی شخص کئی شادیاں بھی کر سکتا ہے، جبکہ دیگر صارفین نے بھی اسی نوعیت کے طنزیہ جملوں کے ذریعے اپنے ردِعمل کا اظہار کیا۔ تاہم چند لوگوں نے عروسہ خان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کے پاس وسائل ہیں تو تحائف دینا اور لینا ذاتی معاملہ ہے۔
واضح رہے کہ عروسہ خان، اقرار الحسن کی تیسری اہلیہ ہیں اور ان کی شادی اکتوبر 2023 میں ہوئی تھی۔ اقرار الحسن کی پہلی شادی 2006 میں قرۃ العین سے ہوئی، جن سے ان کا ایک بیٹا پہلاج حسن ہے۔ بعد ازاں انہوں نے 2012 میں میڈیا پرسن فرح یوسف سے دوسری شادی کی، جسے تقریباً پانچ سال تک خفیہ رکھا گیا۔