معروف فرانسیسی اداکار ڈیلن تھیری نے اسلام قبول کر لیا
Dylan Thierry Islam conversion
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف فرانسیسی ٹی وی اسٹار ڈیلن تھیری نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنی والدہ کے ہمراہ عمرہ ادا کر لیا، جس کی تصاویر اور پیغام سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹ میں ڈیلن تھیری کو اپنی والدہ کے ساتھ مکہ مکرمہ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس میں وہ خانہ کعبہ کے سامنے اپنی والدہ کے ماتھے کو بوسہ دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، اس منظر کو صارفین نے نہایت جذباتی اور ایمان افروز قرار دیا۔

ڈیلن تھیری اور ان کی والدہ چند ماہ قبل دائرہ اسلام میں داخل ہوئے تھے، اسلام قبول کرنے کے بعد یہ ان کا پہلا مقدس سفر تھا، جسے انہوں نے اپنی زندگی کا ایک انتہائی روحانی اور یادگار لمحہ قرار دیا۔ عمرہ کی ادائیگی کے دوران اداکار نے سادگی، عاجزی اور شکرگزاری کے جذبات کا اظہار کیا۔

ڈیلن تھیری کا کہنا تھا کہ والدہ کے ساتھ اس بابرکت سفر کا تجربہ ان کیلئے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، یہ سفر نہ صرف ایمان کے نئے باب کا آغاز ہے بلکہ زندگی کو ایک نئے مقصد اور اخلاص کے ساتھ آگے بڑھانے کی علامت بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سنیما کا سنہری دور ایک اور نام سے محروم ہوگیا

 

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے انہیں سکونِ قلب، رہنمائی اور اندرونی اطمینان عطا کیا ہے۔

اداکار کی اس خبر پر دنیا بھر سے صارفین کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی افراد نے اسے بین المذاہب ہم آہنگی اور روحانی جستجو کی خوبصورت مثال قرار دیا، جبکہ مداحوں نے ان کے مستقبل کیلئے دعا اور حمایت کا اظہار کیا۔