کراچی کو نجی تحویل میں دے دیں، تابش ہاشمی
Tabish Hashmi criticism
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) معروف میزبان تابش ہاشمی نے کراچی کی بدانتظامی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے شہر کو نجی تحویل میں دینے کی تجویز دے دی۔

حالیہ ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تابش ہاشمی نے کہا کہ کراچی کا شاید ہی کوئی گھر ہو جہاں گل پلازہ سے خریدی گئی کوئی چیز موجود نہ ہو،انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بچپن سے جڑی شہر کی پہچان اور یادیں ایک ایک کر کے ختم ہوتی جا رہی ہیں۔

تابش ہاشمی نے وزیراعلیٰ سندھ کی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صرف جوابدہی کے دعوے کافی نہیں، اصل ضرورت عملی اقدامات کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں یہ پہلا حادثہ نہیں ہے اس سے پہلے بھی آگ لگنے کے واقعات اور ٹریفک حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں مگر کسی کی حقیقی ذمہ داری طے نہیں ہوتی۔

یہ بھی پڑھیں: ماریا بی نے بنگلہ دیش میں اپنا پہلا اسٹور کھول دیا

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر حکمران واقعی جوابدہ ہیں تو کیا کبھی کسی کا عہدہ گیا، تنخواہ کٹی یا ذاتی طور پر متاثرین کو ہرجانہ ادا کیا گیا؟ تابش ہاشمی کے مطابق ریاستی نظام میں نقصان کا بوجھ ہمیشہ عوام ہی اٹھاتے ہیں۔

میزبان نے طنزیہ مگر تلخ انداز میں کہا کہ جس طرح حکومت نے پی آئی اے کو نجی تحویل میں دینے کا فیصلہ کیا اسی طرح کراچی کو بھی پرائیوٹائز کر دیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے تمام باسی چاہے کسی بھی قومیت سے ہوں مل کر اس شہر کو خرید لیں گے اور اس سے کہیں بہتر انداز میں چلائیں گے۔

 تابش ہاشمی نے اعتماد کے ساتھ کہا کہ موجودہ حالات سے بدتر تو ہم کسی صورت شہر نہیں چلا سکتے اس لیے اگر اختیار عوام کو دے دیا جائے تو کراچی ایک بار پھر سنبھل سکتا ہے۔