مشہور اداکار میٹ پروکوپ گرفتار، جیل منتقل کردیا گیا
Matt Prokop arrested
فائل فوٹو
نیویارک: (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ فلم ہائی اسکول میوزیکل 3 سے شہرت حاصل کرنے والے امریکی اداکار میٹ پروکوپ ایک بار پھر سنگین قانونی مشکلات میں گھر گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 35 سالہ اداکار کو امریکی ریاست ٹیکساس میں گرفتار کر لیا گیا، جہاں وہ اس وقت بغیر ضمانت کاؤنٹی جیل میں قید ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ میٹ پروکوپ کو کرسمس کی شام ٹیکساس کے وکٹوریہ کاؤنٹی میں حراست میں لیا گیا۔ مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار پر بچوں کی فحش ویڈیوز رکھنے سمیت متعدد سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں، جبکہ گرفتاری کے دوران مزاحمت کرنے کا الزام بھی ان کیخلاف درج کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق میٹ پروکوپ کی تازہ گرفتاری دراصل ایک سابقہ کیس میں دی گئی ضمانتی شرائط کی مبینہ خلاف ورزی کا نتیجہ ہے۔ یہ ضمانتی شرائط مئی 2024 میں ہونے والی ایک اور گرفتاری سے متعلق تھیں، جس دوران اداکار پر سنگین حملے اور پولیس سے مزاحمت کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

سابق ڈزنی چینل اداکار کی جانب سے کن مخصوص ضمانتی شرائط کی خلاف ورزی کی گئی، اس حوالے سے تفصیلات تاحال عوام کے سامنے نہیں آ سکیں، حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور آنے والے دنوں میں مزید قانونی کارروائی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹک ٹاکر فاطمہ جتوئی کی مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

واضح رہے کہ میٹ پروکوپ ماضی میں بھی تنازعات کا شکار رہے ہیں، فلمی دنیا میں محدود کامیابی کے بعد ان کا نام مختلف قانونی مقدمات میں سامنے آتا رہا ہے، جس کے باعث ان کے کیریئر کو شدید نقصان پہنچا۔

تازہ گرفتاری کے بعد ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ان کے حوالے سے بحث شروع ہو گئی ہے، جبکہ مداح اس خبر پر حیرت اور مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں۔