غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوٹیوبر کی شناخت ڈیوڈ ایڈم ولیمز کے نام سے ہوئی جو یوٹیوب پر دی ڈیلی وو (The Daily Woo) کے نام سے وی لاگز بناتے تھے۔ اوسیولا کاؤنٹی شیرف آفس نے تصدیق کی کہ ڈیوڈ ایڈم ولیمز المعروف دی ڈیلی وو گھر سے مردہ حالت میں پائے گئے، ان کی عمر 51 سال تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈکی بھائی کی یوٹیوب چینل حوالگی کی درخواست مسترد
موت سے محض ایک دن قبل یوٹیوبر نے آخری ویڈیو اپ لوڈ کی تھی جس میں انہیں اپنے آبائی شہر میں کرسمس کی سجاوٹ کا جائزہ لیتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
پولیس حکام نے Welfare Check کے تحت یوٹیوبر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ جب رابطہ نہ ہو سکا تو ڈیوڈ ایڈم ولیمز کے ایک دوست نے گھر جا کر دیکھا جہاں ان کی لاش پڑی تھی۔
پولیس حکام نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے ہسپتال منتقل کر دیا تاہم موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
ڈیوڈ ایڈم ولیمز کا شمار یوٹیوب کے ابتدائی تخلیق کاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے 2009 میں اپنے یوٹیوب چینل کا آغاز کیا تھا۔ پلیٹ فارم کے ذریعے انہوں نے امریکا کی تمام 50 ریاستوں کے روڈ ٹرپس، مقامات، تھیم پارکس اور پوشیدہ گوشوں کی ویڈیوز بنا کر مداحوں کی ایک بڑی تعداد اکٹھی کی۔
ان کا پرسکون اور دوستانہ انداز گفتگو یوٹیوب کلچر کی پہچان بن گیا تھا۔ ڈیوڈ ایڈم ولیمز کی وفات پر ساتھی تخلیق کاروں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔