نازیہ اور زوہیب حسن کی والدہ خالقِ حقیقی سے جاملیں
Nazia Hassan mother death
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) برصغیر میں پاپ موسیقی کو نئی پہچان دینے والی عظیم گلوکارہ مرحومہ نازیہ حسن اور نامور گلوکار زوہیب حسن کی والدہ منزا حسن انتقال کر گئیں۔

ان کے انتقال کی اطلاع زوہیب حسن نے سوشل میڈیا کے ذریعے دی، جس پر مداحوں اور شوبز سے وابستہ شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

زوہیب حسن نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر والدہ کے ساتھ اپنی یادگار تصاویر پر مشتمل ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا اور جذباتی الفاظ میں لکھا: میری ماں، میری محبت اور میری رہنما انتقال کر گئیں۔ تاہم انہوں نے تدفین کے حوالے سے کوئی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

ذرائع کے مطابق منزا حسن کافی عرصے سے علیل تھیں اور ڈیمینشیا کے مرض میں مبتلا تھیں۔ اپنی والدہ کی دیکھ بھال کیلئے زوہیب حسن نے کچھ برس قبل بیرونِ ملک سے مستقل طور پر پاکستان واپسی اختیار کی تھی تاکہ وہ ان کے قریب رہ کر ان کی خدمت کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:ٹک ٹاکر اقرا کنول، ندیم نانی والا اور حسنین شاہ کیخلاف مقدمات درج

اس سے قبل مئی 2020 میں زوہیب حسن کے والد بصیر حسن کا انتقال ہوا تھا، جبکہ ان کی بہن اور عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ نازیہ حسن 2000 میں کینسر کے باعث محض 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔

فنکار برادری اور مداحوں نے منزا حسن کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت اور خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔