
رجب بٹ جو اکثر مختلف تنازعات کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں، ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، اس بار ان کے لیک ہونے والے کلپس سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر گردش کر رہے ہیں۔
اپنے ایک حالیہ ولاگ میں رجب بٹ نے لیک ویڈیو بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے "کم ظرف دشمنوں" کی جانب سے یہ ویڈیوز لیک کی گئی ہیں جبکہ کچھ ویڈیوز اے آئی سے تیار کردہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شروع میں میرا اس تنازع کی وضاحت دینے کا کوئی ارادہ نہیں تھا تاہم اب اپنے فینز کے لیے یہ وضاحت دے رہا ہوں۔
اپنے ویلاگ میں رجب بٹ نے اہلیہ کے ساتھ تنازع پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی اہلیہ ایمان اس وقت میکے میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رجب بٹ کا وی لاگنگ سے کنارہ کشی کا اعلان
رجب بٹ نے ایمان کے بھائی کی جانب سے ایک لائیو سیشن کے دوران لگائے جانے والے الزامات پر انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ایمان کو سوشل میڈیا پر آنے کی اجازت نہیں ہے، میں نے ایمان پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں لگائی اور نہ ہی کسی چیز سے روک رکھا ہے۔
وی لاگر کا کہنا تھا کہ ایمان کو شام 5 بجے تک سونے کی مکمل آزادی ہے اور کوئی اسے کبھی اس پر سوال نہیں کرتا، آپ نے دنیا کو بتایا کہ آپ ایمان کو ہسپتال لے جا رہے ہیں لیکن یہ نہیں بتایا کہ اس کے تمام اخراجات میں نے برداشت کیے ہیں۔
رجب نے انکشاف کیا کہ ایمان اور ان کے درمیان کچھ مسائل ہیں جنہیں وہ خود حل کریں گے، انہوں نے ایمان کے بھائی کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایمان کو ویوز کے لیے استعمال نہ کریں کیونکہ آپ بھی اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے آپ میرے کس کس فین پیج سے رابطہ کر کے میرے خلاف پوسٹیں کرنے کا کہتے ہیں، میرے پاس سارے ثبوت ہیں، میں آپ کو سمجھا رہا ہوں ایسا مت کریں ورنہ دونوں خاندانوں کے لیے اچھا نہیں ہو گا۔