اداکارہ نے پیسے نہ دینے پر پروڈیوسر کو چپل مار دی،ویڈیو وائرل
Ruchi Gujar producer slapped with slipper
فائل فوٹو
ممبئی:(ویب ڈیسک) معروف بھارتی اداکارہ روچی گجر نے پیسے نہ دینے پر فلم پروڈیوسر اور اداکار مان سنگھ چوہان کو بھرے مجمع میں چپل دے ماری۔

یہ واقعہ ممبئی کے ایک سینما ہال میں اس وقت پیش آیا جب فلم سو لانگ ویلی کی خصوصی نمائش جاری تھی۔

روچی گجر نے اس تقریب کے دوران نہ صرف شدید احتجاج کیا بلکہ چیختے چلاتے ہوئے پروڈیوسر پر چپل بھی پھینک دی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس میں روچی کو غصے سے جھگڑتے اور مان سنگھ کو چپل مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

روچی گجر کا کہنا ہے کہ انہیں 2023 میں مان سنگھ نے ایک ہندی ڈرامہ سیریز میں شریک پروڈیوسر بنانے کی پیشکش کی تھی، جس کیلئے انہیں مکمل دستاویزات بھی دی گئیں۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے جولائی 2023 سے جنوری 2024 کے دوران اپنی کمپنی ایس آر ایونٹ اینڈ انٹرٹینمنٹ کے ذریعے لاکھوں روپے کی ادائیگیاں کیں، تاہم یہ پروجیکٹ کبھی مکمل نہ ہوا۔ بعدازاں روچی کو پتا چلا کہ ان کی دی گئی رقم دراصل فلم سو لانگ ویلی پر خرچ کی گئی، جو معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سینئر اداکارہ نشو بیگم کے داماد انتقال کر گئے

اس احتجاج میں روچی گجر کے ہمراہ کئی مظاہرین بھی موجود تھے جن کے ہاتھوں میں احتجاجی بینرز تھے، جن پر پروڈیوسر کے چہرے پر سرخ کراس لگا ہوا تھا جبکہ بعض پوسٹروں میں انہیں گدھے پر سوار دکھایا گیا تھا۔

اداکارہ نے ممبئی پولیس میں باقاعدہ شکایت درج کروائی، جس پر پولیس نے 36 سالہ مان سنگھ چوہان کیخلاف بھارتی نیا سینہتا (BNS) کی دفعات 318 (4)، 351(2) اور 352 کے تحت 25 لاکھ روپے کی مبینہ دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔