سینئر اداکارہ نشو بیگم کے داماد انتقال کر گئے
Nisho Begum
فائل فوٹو
لاہور: (شوبز ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اور نامور اداکارہ نشو بیگم ایک بڑے صدمے سے دوچار ہو گئیں، ان کے چھوٹے داماد علی رضا اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

علی رضا نشو بیگم کی بیٹی عائشہ کے شوہر اور معروف فنکارہ میڈم فردوس کے بیٹے تھے۔

اداکارہ نشو بیگم نے یوٹیوب پر ایک وی لاگ شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اس افسوسناک خبر سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ سانحہ 22 جولائی بروز سوموار، 27 محرم الحرام کو پیش آیا، رات میں اپنے داماد سے مل کر آئی تھی اور صبح ہمارے گھر پر قیامت ٹوٹ پڑی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم علی رضا کی عمر 47 سال تھی اور ان کا شمار خوش اخلاق اور نرم مزاج افراد میں ہوتا تھا۔

نشو بیگم نے ویڈیو میں غم زدہ لہجے میں کہا کہ موت برحق ہے، لیکن جوان موت کا دکھ ناقابل برداشت ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت کی گھر سے لاش برآمد

اداکارہ نے علی رضا کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اپیل بھی کی اور کہا کہ علی رضا کو ان کی والدہ کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔

دوسری جانب اس اچانک اور افسوسناک واقعے پر شوبز انڈسٹری کے کئی فنکاروں اور مداحوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔