اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت، فلیٹ سے لاش برآمد
 پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار طور پر انتقال کر گئیں ان کی لاش ڈیفنس کے فلیٹ میں سے موت کے کئی روز بعد ملی۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار طور پر انتقال کر گئیں ان کی لاش ڈیفنس کے فلیٹ میں سے موت کے کئی روز بعد ملی۔

‏ پولیس حکام کے مطابق کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل میں فلیٹ سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت اداکارہ حمیرا اصغر کے نام سے ہوئی، 35 سالہ حمیرا اصغر فلیٹ میں 7 برس سے تنہا رہائش پذیر تھیں۔

‏حکام کے مطابق علاقہ مکینوں نے بتایا کہ خاتون ماڈل و اداکارہ تھیں، حمیرا نے 2018 میں فلیٹ کرایہ پر لیا تھا اور 2024 سے کرایہ نہیں دیا تھا، فلیٹ مالک نے اداکارہ پر کرایہ وصولی کے لیے کیس کیا ہوا تھا آج بیلف آیا تو حمیرا فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔

‏تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ابتدائی طور پر طبعی معلوم ہوتا ہے، لاش کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم کے بعد مزید حقائق سامنے آسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ شیفالی جریوالا چل بسیں

‏ایس ایس پی ساؤتھ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فلیٹ کو سیل کردیا گیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں، متوفی خاتون حمیرا اصغر علی کی لاش کئی روز پرانی ہے جس کے باعث شناخت کے قابل نہیں، ڈی این اے سیمپلز کی مدد سے ہی شناخت ممکن ہوسکے گی۔

‏ان کا مزید کہنا تھا کہ بلڈنگ کے مکینوں نے بتایا ہے کہ متوفی خاتون کا نام حمیرا اصغر ہے اور وہ شوبز انڈسٹری سے وابستہ تھیں تاہم سوشل میڈیا پر موجود تصاویر دیکھ کر کہنا مشکل ہے یہ لاش اسی خاتون کی ہے،تاحال خاتون کا کوئی بھی قریبی عزیز سامنے نہیں آیا ۔

متوفی حمیرا اصغر کے پڑوسی بلال نے پولیس کو بتایا کہ خاتون کو نومبر میں دیکھا تھا جب یہ وائی فائی کاپاس ورڈ لینے آئیں تھیں،خاتون گھر میں اکیلے رہتی تھیں گھر والے ساتھ نہیں رہتے تھے تاہم کبھی کبھار ان کے دوستوں کا گھر میں آنا جانا لگا رہتا تھا، کافی عرصے سے انہیں نہیں دیکھا تھا ہمیں لگا یہ شوٹ پرباہر گئی ہوئیں ہیں۔