احتجاج رنگ لے آیا، شام میں ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی
رپورٹس کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شام کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، سڑکوں پر ٹائر جلائے گئے اور اہم شاہراہوں کو بھی بند کیا گیا۔ عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آنے کے بعد شامی حکومت نے ایندھن کی قیمتوں میں جزوی کمی کا فیصلہ کیا۔
شامی وزیر توانائی محمد البشیر نے ہنگامی پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ مقامی طور پر تیار کردہ ڈیزل کی قیمت 175 پاؤنڈ سے کم کرکے 115 شامی پاؤنڈ فی لیٹر کردی گئی ہے۔ اس طرح زراعت اور گھریلو استعمال کیلئے ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 60 پاؤنڈ کمی ہوگی۔
وزیر توانائی کے مطابق صنعتی شعبے کیلئے بھی ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی ہے اور اب صنعتی صارفین کو یہ 150 شامی پاؤنڈ فی لیٹر میں دستیاب ہوگا، جو سابقہ قیمت کے مقابلے میں 25 پاؤنڈ سستا ہے۔
فیصلہ صدر احمد الشرع کے ساتھ ہنگامی ملاقات کے بعد کیا گیا، حکومت نے ملک میں مقامی ریفائننگ کا نظام دوبارہ فعال کرنے کا بھی اعلان کیا ہے تاکہ ایندھن کے بحران پر قابو پایا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گر گئیں
شام میں معاشی مشکلات کے باعث عوام پہلے ہی شدید دباؤ کا شکار ہیں، ایسے میں ایندھن کی قیمتوں میں اچانک اضافے نے صورتحال کو مزید سنگین کردیا تھا۔ حکومت کی جانب سے تازہ کمی کو احتجاج کے بعد عوام کو فوری ریلیف دینے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔