مرغی اور انڈوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں
تفصیلات کے مطابق شہر میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔ سرکاری نرخنامے میں برائلر مرغی کا گوشت 461 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، تاہم مارکیٹ میں دکاندار یہی گوشت 520 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں۔
سرکاری اور مارکیٹ ریٹ میں فرق کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمت بھی سرکاری نرخ سے تجاوز کرگئی ہے۔
سرکاری نرخنامے کے مطابق فارمی انڈوں کی قیمت 244 روپے فی درجن مقرر ہے، جبکہ مارکیٹ میں انڈے 300 روپے فی درجن میں فروخت کیے جارہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں بیشتر دکاندار اشیائے خورونوش اپنی مرضی کے نرخ پر فروخت کر رہے ہیں، جس سے مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مقررہ نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے والے دکانداروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
عوام کا کہنا ہے کہ اگر سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد ہی نہ کرایا جائے تو نرخ مقرر کرنے کا مقصد بے معنی ہوکر رہ جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ
شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور مارکیٹ میں قیمتوں کو سرکاری نرخ کے مطابق لانے کا مطالبہ کیا ہے۔