عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ
عالمی میڈیا کے مطابق ایران جنگ کے باعث تیل کی عالمی سپلائی میں طویل رکاوٹ کے خدشات نے سرمایہ کاروں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے، جس کے نتیجے میں جمعرات کو خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کاروبار کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت میں 7.1 فیصد تک اضافہ ہوا اور یہ 108 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ بعد ازاں برینٹ کی قیمت 107.63 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی، جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 6.34 فیصد زیادہ ہے۔
یہ برینٹ خام تیل کی 19 مئی کے بعد بلند ترین اختتامی قیمت قرار دی جارہی ہے، جبکہ گزشتہ 6 ہفتوں کے دوران ایک روز میں ہونے والا یہ سب سے بڑا اضافہ بھی ہے۔
دوسری جانب امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں بھی 7.3 فیصد تک اضافہ ہوا اور یہ مئی کے بعد پہلی مرتبہ 103 ڈالر فی بیرل کی سطح سے اوپر پہنچ گیا۔ بعد میں ڈبلیو ٹی آئی 102.48 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا، جو یومیہ بنیاد پر 6.69 فیصد اضافہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں ایک بار پھر 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:3 روز کے دوران پیٹرول 21 روپے 88 پیسے فی لیٹر مہنگا
امریکا اور ایران کے درمیان حملوں کے تبادلے اور خطے میں بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی نے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی کے خدشات مزید بڑھا دیے ہیں، جس کے باعث مستقبل میں قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔