خام تیل کی قیمتیں ایک بار پھر بے قابو
بدھ کو ابتدائی کاروباری سرگرمیوں کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.4 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 99.80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی اور 100 ڈالر کی اہم نفسیاتی سطح کے قریب جا پہنچی۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت بھی 1.4 فیصد اضافے کے بعد 94.75 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی، جبکہ یو اے ای مربن خام تیل 110.20 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہونے لگا۔
رپورٹس کے مطابق اگست کے آغاز سے اب تک برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 25 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، جس کی بڑی وجہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور خطے میں بڑھتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی خطرات ہیں۔
تازہ اطلاعات کے مطابق خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، ایران نواز حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے متعدد شہروں کو نشانہ بنائے جانے، امریکی فورسز کی جانب سے ایرانی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنانے اور ایران کی طرف سے اردن میں امریکی اڈے پر حملے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
یہ بھی پڑھیں:آٹے کی قیمتوں میں ایک پھر بڑا اضافہ
ماہرین کا کہنا ہے کہ تازہ صورتحال کے باعث تیل کی عالمی سپلائی اور اہم بحری راستوں پر دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں آنے والے دنوں میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان ہے۔