سونے کی قیمت میں بڑی کمی
امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات نے سونے کی قیمت پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 24 کیرٹ فی تولہ سونا 1800 روپے سستا ہوکر 466136 روپے پر آگیا،دس گرام سونےکی قیمت 1543 روپے کم ہوکر 399636 روپے پر آ گئی۔
فی تولہ چاندی کی قیمت 67 روپے بڑھکر 7179 روپے ہوگئی،دوسری جانب انٹرنیشنل مارکیٹ میں فی اونس سونا 18 ڈالر گر کر 4436 ڈالر پر آگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کو عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 0.3 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 4,439.31 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی۔ اس سے قبل سونے کی قیمت 19 اگست کے بعد کی کم ترین سطح تک بھی گر گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ جمعے کو بھی سونے کی قیمت میں 3 فیصد سے زائد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ مسلسل گراوٹ کے بعد سرمایہ کاروں کی نظریں اب امریکی فیڈرل ریزرو کی آئندہ مالیاتی پالیسی اور شرح سود سے متعلق فیصلے پر مرکوز ہیں۔
معاشی ماہرین کے مطابق امریکی شرح سود میں اضافے کے امکانات سونے کی قیمت کیلئے منفی ثابت ہوسکتے ہیں، کیونکہ زیادہ شرح سود کے ماحول میں غیر منافع بخش اثاثے کے طور پر سونے کی کشش کم ہوجاتی ہے۔
سونے کی قیمت میں حالیہ کمی کی ایک بڑی وجہ امریکی فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کیون وارش کی جانب سے سخت مالیاتی پالیسی کا عندیہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے جیکسن ہول اقتصادی سمپوزیم میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مہنگائی کو 2 فیصد کے ہدف کی جانب بڑھنے کے حوالے سے مطلوبہ اعتماد حاصل نہ ہوا تو فیڈرل ریزرو کو مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی مالیاتی پالیسی، شرح سود اور مہنگائی کے آئندہ اعدادوشمار عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔