گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ
روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کیلئے گھریلو بجٹ کا توازن بگاڑ دیا ہے، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی مشکل ہوتا جارہا ہے۔ لاہور کی اوپن مارکیٹ میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں بھی شہریوں کی پہنچ سے دور ہونے لگی ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں درجہ سوم کا گھی 500 روپے فی کلوگرام سے کم میں دستیاب نہیں، جبکہ درجہ دوم گھی کی قیمت 545 سے 550 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح درجہ اول کا گھی 595 سے 600 روپے فی کلوگرام میں فروخت کیا جارہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گھی اور کوکنگ آئل ہر گھر کی بنیادی ضرورت ہیں، ان کی قیمتوں میں معمولی اضافہ بھی ماہانہ بجٹ پر براہ راست اثر ڈالتا ہے۔ خصوصاً محدود آمدنی والے خاندانوں کیلئے موجودہ قیمتوں پر روزمرہ کھانے پینے کی ضروریات پوری کرنا انتہائی دشوار ہوگیا ہے۔
خواتین کا کہنا ہے کہ باورچی خانے کے اخراجات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جبکہ آمدنی میں اس تناسب سے اضافہ نہیں ہوا۔ گوشت، مرغی اور انڈوں کے بعد اب گھی اور کوکنگ آئل مہنگا ہونے سے کھانے پکانے کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:تاجروں کیلئے بُری خبر، 50 لاکھ تک جرمانہ ہوگا
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گھی اور کوکنگ آئل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا فوری نوٹس لیا جائے، مارکیٹ میں قیمتوں کی مؤثر نگرانی کی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔