فیراری کی پہلی الیکٹرک کار نے دھوم مچا دی،حیران کن فیچرز جانیے
خصوصی طور پر تیار کردہ فیراری لوس مونٹیری کار ویک کے دوران سوتھبیز کی چیریٹی نیلامی میں 40 ملین ڈالر میں فروخت ہوئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس ریکارڈ قیمت کے ساتھ لوس نیلامی میں فروخت ہونے والی اب تک کی سب سے مہنگی نئی کار بن گئی ہے۔ فیراری کی جانب سے تیار کی گئی یہ ٹیلر میڈ گاڑی کمپنی کے الیکٹرک مستقبل کی بھی نمائندگی کرتی ہے۔
فیراری کے مطابق لوس کی نیلامی نے گزشتہ سال قائم ہونے والا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ 2025 میں کمپنی کی خصوصی طور پر تیار کردہ ڈائٹونا SP3 نیلامی میں 26 ملین ڈالر میں فروخت ہوئی تھی، تاہم لوس نے اس سے کہیں زیادہ قیمت حاصل کی۔
فیراری کی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی کو اتنی بڑی رقم میں خریدے جانے کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کمپنی کو اپنی الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق بعض حلقوں کی تنقید کا سامنا بھی رہا ہے۔ اس کے باوجود ریکارڈ قیمت نے ثابت کیا ہے کہ فیراری برانڈ کی نایاب اور خصوصی گاڑیوں کی عالمی سطح پر طلب اب بھی انتہائی مضبوط ہے۔
یہ چیریٹی نیلامی امریکی ریاست کیلیفورنیا میں جاری مونٹیری کار ویک کے دوران منعقد ہوئی، جہاں دنیا بھر سے نایاب، مہنگی اور تاریخی آٹوموبائلز پیش کی جاتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق لوس کی ریکارڈ توڑ قیمت نہ صرف فیراری کی برانڈ ویلیو کو ظاہر کرتی ہے بلکہ اس بات کا بھی اشارہ ہے کہ انتہائی دولت مند خریدار منفرد اور محدود تعداد میں دستیاب گاڑیوں کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ کرنے کو تیار ہیں۔
فیچرز کیا ہیں؟
فیراری کی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑینے نہ صرف ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوکر دنیا بھر کی توجہ حاصل کی بلکہ اپنے جدید فیچرز اور طاقتور کارکردگی کے باعث بھی خاص مقام بنا لیا ہے۔
فیراری لوس میں چار الیکٹرک موٹرز نصب ہیں، جو مجموعی طور پر تقریباً 1,050 ہارس پاور پیدا کرتی ہیں۔ کمپنی کی یہ الیکٹرک کار انتہائی تیز رفتار بھی ہے اور صرف تقریباً 2.5 سیکنڈ میں صفر سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرسکتی ہے۔
یہ گاڑی فیراری کے روایتی دو نشستوں والے اسپورٹس ماڈلز سے مختلف ہے، کیونکہ لوس میں پانچ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اس طرح اسے کارکردگی کے ساتھ روزمرہ استعمال اور آرام کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی ڈیزائن کیا گیا ہے۔
لوس کے اندرونی حصے میں اعلیٰ معیار کے پریمیم میٹریلز اور لیدر استعمال کیے گئے ہیں، جبکہ کیبن کے ڈیزائن میں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ڈرائیور کو گاڑی چلانے کا روایتی فیراری تجربہ دینے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔
نیلامی میں پیش کی جانے والی Chassis 0 گاڑی کو فیراری کے خصوصی Tailor Made پروگرام کے تحت تیار کیا گیا تھا۔ اس میں منفرد Madreperla نیم چمکدار پینٹ، خصوصی ڈیزائن کے پہیے اور منفرد بریک کیلیپرز شامل کیے گئے۔