سونا ایک ہی دن میں 3700 روپے سستا
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 3700 روپے سستا ہو گیا، جس کے بعد ملک بھر میں 24 کیرٹ سونے کی قیمت 4 لاکھ 26 ہزار 736 روپے فی تولہ ہو گئی ہے۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی، رپورٹس کے مطابق دس گرام سونا 3202 روپے کم ہونے کے بعد 3 لاکھ 65 ہزار 857 روپے کا ہو گیا ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان برقرار رہا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 37 ڈالر فی اونس کم ہو کر 4043 ڈالر فی اونس پر آ گئی۔
صرافہ ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ، سرمایہ کاروں کے رجحانات اور عالمی معاشی صورتحال سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے۔ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے اثرات مقامی مارکیٹ میں بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی کی قیمت 57 روپے کم ہو کر 6237 روپے ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب نے پاکستان کا 5 ارب ڈالر قرض 3 سال کیلئے مؤخر کر دیا
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان میں سونے کی قیمتیں مسلسل اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہیں، جس کے باعث صارفین اور سرمایہ کار مارکیٹ کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔