سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بڑی کمی
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 10 ڈالر کمی کے بعد 4040 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی، جس کے اثرات براہِ راست پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے۔ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے باعث ملک بھر میں سونے کی قیمت میں مزید کمی دیکھنے میں آئی۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز کے مطابق مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونا ایک ہزار روپے سستا ہو گیا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 26 ہزار 436 روپے مقرر ہو گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 857 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 3 لاکھ 65 ہزار 600 روپے ہو گئی۔
صرف سونا ہی نہیں بلکہ چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، صرافہ مارکیٹ کے مطابق فی تولہ چاندی 68 روپے سستی ہونے کے بعد 6 ہزار 291 روپے کی سطح پر آ گئی، جس سے چاندی کے زیورات خریدنے والے صارفین کو بھی کچھ ریلیف ملا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل بھی سونے کی قیمت میں غیر معمولی کمی دیکھی گئی تھی، گزشتہ روز 24 قیراط فی تولہ سونا 4 ہزار 300 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 27 ہزار 436 روپے کا ہو گیا تھا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار 687 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 66 ہزار 457 روپے تک آ گئی تھی۔
اسی طرح گزشتہ روز فی تولہ چاندی کی قیمت میں 174 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے بعد اس کی قیمت 6 ہزار 223 روپے ہو گئی تھی، دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت 43 ڈالر کمی کے بعد 4050 ڈالر فی اونس تک گر گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی ڈالر کی صورتحال، عالمی اقتصادی اشاریے اور سرمایہ کاروں کے رجحانات قیمتی دھاتوں کی قیمتوں پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں، اگر عالمی منڈی میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ چند روز میں مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حتمی صورتحال کا انحصار عالمی معاشی حالات اور بین الاقوامی بلین مارکیٹ کی نقل و حرکت پر ہوگا۔