سونے کی قیمت نے پھر اونچی اڑان بھر لی
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 1100 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 33 ہزار 536 روپے ہو گئی، اسی طرح 10 گرام سونا 943 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 لاکھ 71 ہزار 687 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا، فی تولہ چاندی 30 روپے اضافے کے بعد 6462 روپے کی سطح پر پہنچ گئی، جس سے قیمتی دھاتوں کی مجموعی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں فی اونس سونا 11 ڈالر مہنگا ہو کر 4111 ڈالر پر پہنچ گیا۔ عالمی منڈی میں قیمتوں میں ہونے والے اس اضافے کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی نمایاں طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آٹے کی نئی سرکاری قیمتوں کا اعلان
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز عالمی اور مقامی دونوں مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی تھی۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 14 ڈالر سستا ہو کر 4100 ڈالر پر آ گیا تھا، جبکہ مقامی صرافہ بازار میں فی تولہ سونا 1400 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 32 ہزار 436 روپے تک آ گیا تھا۔