لاہور: انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں 1900 روپے تک کمی
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی لاہور کا ٹرانسپوٹرز کے ساتھ ہنگامی اجلاس ہوا جس میں لاہور سے مختلف شہروں کو جانیوالی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 1900 روپے تک کمی کر دی گئی۔
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ رانا محسن نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹزز کا کرایوں میں کمی پر اتفاق ہو گیا ہے، تمام ٹرانسپورٹ کمپنیاں نئی لسٹیں مرتب کر رہی ہیں، کرایوں میں کمی کا اطلاق فوری ہو گا، خلاف ورزیوں پر کارروائیاں ہوں گی۔
رپورٹ کے مطابق لاہور سے کراچی بزنس کلاس کا کرایہ 10 ہزار 450 سے کم ہو کر 8 ہزار 550 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ کراچی اکانومی کلاس کا کرایہ 8 ہزار 450 سے کم کر کے 7 ہزار روپے مقرر کر دیا گیا۔
اسی طرح لاہور سے ایبٹ آباد کا کرایہ 3 ہزار 400 روپے سے کم ہو کر 2 ہزار 800 روپے ہو گیا، بہاولنگر کا کرایہ 2 ہزار 350 سے کم ہو کر ایک ہزار 950 روپے پر آگیا، فیصل آباد کا کرایہ ایک ہزار 85 روپے سے کم کر کے 900 روپے کر دیا گیا۔
لاہور سے ڈی جی خان کا کرایہ 2600 سے کم ہو کر 2 ہزار 130 روپے ہو گیا، حافظ اباد کا کرایہ 2 ہزار 200 روپے سے کم کر کے ایک ہزار 800 روپے مقرر کیا گیا ہے، لاڑکانہ کا کرایہ 8 ہزار 450 سے کم ہو کر 6 ہزار 930 روپے ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات سستی، گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں بڑی کمی
دوسری جانب چیئرمین پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی چودھری شہزاد نذیر سندھو نے کہا ہے کہ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کی خفیہ ٹیمیں بھی کرایہ پر عمل درآمد کو مانیٹرنگ کریں گی، زائد کرایہ وصول کرنے والوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں فوری کمی کیلئے اقدامات شروع کر دیے ہیں، میں بذات خود بھی اچانک فیلڈ میں جا کر کرایوں اور سہولیات جائزہ لوں گا۔
بلال اکبر خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے عوام کو تمام حالات میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہمیشہ کوشش کی ہے، امید ہے حالات بہتر سے بہتر ہوتے جائیں گے۔