عالمی و مقامی مارکیٹ میں سونا سستا ہوگیا
مسلسل دوسرے روز قیمتوں میں کمی نے سرمایہ کاروں اور خریداروں کی توجہ ایک بار پھر سونے کی مارکیٹ کی جانب مبذول کرا دی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 31 ڈالر کی کمی کے بعد 4297 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی۔ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے اثرات فوری طور پر مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے، جہاں سونے کے نرخوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔
آل پاکستان صرافہ بازار کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 3094 روپے سستا ہو گیا، جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 52 ہزار 233 روپے تک گر گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2785 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 86 ہزار 978 روپے میں فروخت ہونے لگا۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان برقرار رہا، فی تولہ چاندی 94 روپے سستی ہونے کے بعد 7173 روپے کی سطح پر آ گئی، جس سے چاندی کے خریداروں کو بھی ریلیف ملا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ بین الاقوامی معاشی صورتحال، ڈالر کی قدر اور سرمایہ کاری کے رجحانات سے جڑا ہوتا ہے۔
ان کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید تبدیلیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل مہنگا، قیمتیں نئی بلند سطح پر پہنچ گئیں
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس سے مارکیٹ میں مجموعی طور پر نرمی کا رجحان برقرار ہے۔