پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 1300 پوائنٹس کی بڑی کمی

Pakistan Stock Exchange
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان دیکھا گیا، جہاں ٹریڈنگ کے آغاز ہی سے سرمایہ کاروں کو دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔

ابتدائی کاروبار میں تیزی کے بجائے شدید مندی غالب رہی، جس کے باعث مارکیٹ میں اضطراب کی کیفیت پیدا ہو گئی۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس میں 1300 سے زائد پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 69 ہزار 268 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ ایک لاکھ 70 ہزار 672 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی، تاہم نئے ہفتے کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں نمایاں گراوٹ دیکھنے میں آئی۔

ماہرین کے مطابق اس مندی کی ممکنہ وجوہات میں عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ اور منافع کے حصول کیلئے شیئرز کی فروخت شامل ہو سکتی ہے۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے نئی پوزیشن لینے میں بھی احتیاط برتی جا رہی ہے، جس سے مارکیٹ پر منفی اثر پڑا۔

دوسری جانب ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مختلف رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جاپان کے نکی انڈیکس میں 1.89 فیصد اضافہ ہوا، تھائی لینڈ کے سیٹ انڈیکس میں 1.71 فیصد کی تیزی ریکارڈ کی گئی، جبکہ چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں 0.15 فیصد اضافہ دیکھا گیا، اسی طرح ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں بھی 0.13 فیصد کی معمولی تیزی رہی۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کر دیا

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مقامی سطح پر معاشی پالیسیوں میں استحکام نہ آیا تو اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس کا براہ راست اثر سرمایہ کاروں کے اعتماد پر پڑے گا۔